ولنگٹن: نیوزی لینڈ میں کرونا کے خاتمے کے 102 دن بعد مہلک وائرس کے گزشتہ روز نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور آج مزید ایک مریض سامنے آگیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹھیک 102 دن کے بعد کرونا کے گزشتہ روز چار کیسز سامنے آئے تھے جبکہ آج ایک اور مریض کی رپورٹ نے حکومت کے لیے خدشات کھڑے کردیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ میں کرونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 5 ہوچکی ہے۔ وبا کے چار مریض ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ پانچوں مریض بھی مذکورہ خاندان کا ہی رشتے دار ہے۔
کرونا خاتمے کے 102 دن بعد نیوزی کیلئے بڑی مشکل کھڑی ہوگئی
امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ملک میں مزید کیسز سامنے آسکتے ہیں، چار مشتبہ مریضوں کے رپورٹس بھی آنا باقی ہیں، مشتبہ مریضوں میں ایک کم عمر نوجوان بھی شامل ہے۔ کرونا کی نئی لہر کے پیش نظر نیوزی لینڈ میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں رواں سال مئی سے کرونا کیسز رپورٹ ہونا بند ہوگئے تھے جس کے بعد حکومت نے جون میں کرونا کے خاتمے کا اعلان کردیا تھا۔ لیکن اس کے بعد جون اور جولائی میں دوبارہ کچھ کیسز رپورٹ ہوئے لیکن حکومت نے مذکورہ مریضوں کی تصدیق نہیں کی تھی۔