کراچی: نارتھ ناظم آباد بلاک ایف میں کروڑوں روپے کی لاگت سے چوبیس گھنٹے قبل بنائی گئی نئی سروس روڈ کو کے الیکٹرک نے دوبارہ کھود ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں انتظامی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی کمی کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا، نارتھ ناظم آباد بلاک ایف میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی نئی سروس روڈ کو بنے ابھی 24 گھنٹے بھی مکمل نہیں ہوئے تھے کہ کے الیکٹرک نے اسے دوبارہ کھود دیا۔
کے الیکٹرک حکام کا موقف ہے کہ انہوں نے انڈر گراؤنڈ کیبل میں فالٹ درست کرنے کے لیے سڑک کھودی ہے۔
تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑک کھودنے سے پہلے کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی، سڑک کو بنائے چوبیس گھنٹے ہوئے یہاں آئے تو پتہ چلا پھر کھودی ہوئی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شہر میں پہلے ہی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں اور ادارے مزید نقصان پہنچانے کا ذمہ خود اٹھا رہے ہیں۔
اہالیانِ علاقہ کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک ایف میں طویل عرصے بعد نئی سروس روڈ تعمیر کی گئی تھی، جس سے عوام نے سکھ کا سانس لیا تھا، تاہم، سڑک کی تعمیر کے اگلے ہی دن کے الیکٹرک کے عملے نے بھاری مشینری کے ساتھ آکر سڑک کے ایک بڑے حصے کو ادھیڑ دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں زیرِ زمین کیبل میں اچانک فالٹ پیدا ہو گیا تھا، جسے درست کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سڑک کھودنا ناگزیر تھا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


