پشاور: نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی ان سے حلف لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی تقریبِ حلف برداری تقریب گورنرہاؤس میں شام چار بجے ہوگی۔
جس میں نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی کراچی سے پشاور پہنچ گئے ہیں اور وہی وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے۔
اس سے قبل چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے حکم دیا تھا کہ وزیراعلیٰ سے پندرہ اکتوبر کی شام چار بجے تک کسی تاخیر کے بغیر حلف لیا جائے۔
مزید پڑھیں : عدالت کا وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی سے بلاتاخیر حلف لینے کا حکم
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ اگر گورنر حلف نہیں لیتے تو اسپیکر کے پی اسمبلی وزیراعلیٰ سے حلف لیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عدالت نے اپنی روایات برقرار رکھی ہیں، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بغیر وزیراعلیٰ کے چل رہا تھا، آج آئینی عمل مکمل ہو رہا ہے۔
گذشتہ روز گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے حلف لوں گا, علی امین گنڈاپور کو استعفے کی تصدیق کے لیے بلایا گیا تھا، اور جب انہوں نے اسمبلی فلور پر استعفا دیا تو اسے منظور کر لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا دوسرا استعفیٰ پہلے پہنچ گیا تھا اور پہلا استعفیٰ تاخیر سے پہنچا، اس میں شکوک وشبہات تھے ، پہلے استعفے سے متعلق پنڈورا باکس نہیں کھولناچاہتا تاہم ایک دوچیزیں ایسی تھیں جس پر بات چیت کرنا تھی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


