جمعہ, دسمبر 6, 2024
اشتہار

وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ کی نئی کابینہ کا پہلا اجلاس

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ میں کرپشن اور بیڈ گورننس کا تاثر ہے لہذا نئی کابینہ نے ملکر اچھی حکمرانی قائم کر کے اس تاثر کو ختم کرنا ہے۔

یہ بات سندھ کے نو منتخب وزیر اعلٰی سید مراد علی شاہ نے آج وزیراعلیٰ ہاوٴس کابینہ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور سب سے اہم چیلنج صوبہ سندھ سے کرپشن اور بیڈ گورننس کے تاثر کا خاتمہ ہے اور یہ کوئی بڑا کام نہیں ہے ہمیں اپنے کام ایمانداری کے ساتھ اور عمل میں شفافیت دکھانا ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سندھ کی عوام کو جوابدہ ہیں، ہم اپنی پارٹی قیادت کو جوابدہ ہیں اور سب سے بڑھ کر ہم اللہ تعالیٰ کو جوابدہ ہیں لہذا ہمارا عمل اور کارکردگی شفاف ہونا چاہیے اگر ہم محنت اور ایمانداری کے ساتھ سندھ کے عوام کے مفاد میں کام کریں گے تو کوئی بھی ہم پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔

- Advertisement -

یہ خبر پڑھیے : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا

اپنی ترجیحات سے کابینہ کو آگاہ کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر شعبہ میں میرٹ ان کی اولین ترجیح ہے اگر آپ اپنے فیصلے میرٹ پر کریں گے تو تمام غلط تاثرات اور پروپیگنڈ ے خود بہ خود زائل ہو جائیں گے،دوسرے وہ تمام وزراء کومکمل اختیارات دیں گے اور پھر کارکردگی پر رپورٹ بھی لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں کابینہ کو فری ہینڈ دونگا تو لازماً بہتر نتائج کی توقع بھی رکھونگا،میری کابینہ کا ہروزیر اپنے محکمے کا چیف منسٹر ہے لہذا وہ مکمل اعتماد اور اتھارٹی کے ساتھ کام کرے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ نے ٹیم چن لی، 8 مرد ایک خاتون وزیر اور چار مشیران کا تقرر

سید مراد علی شاہ نے تمام صوبائی وزراء کو ہدایت کی کہ وہ جب اپنے فیلڈ ٹرپس پر ہوں تو وہ پولیس اسٹیشن ، اسپتالوں ، اسکولوں اور دیگر صوبائی دفاتر کے دورے کریں اور اپنی تحقیق رپورٹس متعلقہ وزراء کو بھیجیں، وزراء اس پر کاروائی کرنے کے پابند ہونگے اور یہی ہماری مشترکہ کوششیں سرکاری محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنائیں گی۔

وقت کی پابندی کے لیے مشہور اور صبح سویرے بیدار ہونے والے وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ کے تمام اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنے دفاتر میں باقاعدگی کے ساتھ آئیں اور عوام کے مسائل کا تدراک کریں، انہوں نے کہا کہ اگر آپ اپنے دن کا آغاز بروقت کریں گے تو آپ دیگر کام بھی بہتر طریقے سے کرسکیں گے۔

نومنتخب وزیر اعلیٰ نے اپنی کابینہ سے پہلے خطاب میں اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ انکی پریکٹس اور تجربہ رہا ہے کہ وقت کی پابندی اور نظم و ضبط سے کارکردگی میں بہتری آتی ہے اس لیے وزراء اپنے اپنے محکموں میں نظم و ضبط کو یقینی بنائیں۔

اس موقع پر کابینہ کے اراکین نے وزیراعلیٰ سندھ پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ نئے وزیراعلیٰ کی پالیسیوں اور گائیڈ لائنز کو فالو کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں