لاہور: حکومت پاکستان نے بھارت کا دہشت گرد چہرہ دنیا بھر میں بے نقاب کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کے ہمراہ لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ جوہرٹاؤن واقعے میں واضح ثبوت ہیں کہ بھارت براہ راست ملوث ہے، دہشتگردی کیسی بھی ہو اس کے پیچھے بھارت کا ہی ہاتھ نظر آتاہے۔
راناثنااللہ نے کہا کہ بھارت کی کارروائیاں دشمن ملک سے بھی آگے جاچکی ہیں، ایک بار پھر ثابت ہوا کہ انڈیا پاکستان میں ہرقسم کی دہشت گردی پرموٹ کرتاہے، انڈیا اپنےظلم کو چھپانے کیلئےسب کچھ کرتا آرہاہے، ظلم چھپانے کیلئے بھارت نت نئے بہانے تراش کرعالمی برادری کو اپنےحق میں کرتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستان کا دہشت گرد چہرہ دنیا بھرمیں بےنقاب کریں گے، وزارت خارجہ معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھائے گا۔
رانا ثنااللّٰہ نے کہا کہ گذشتہ سال حافظ سعید کی رہائشگاہ کےقریب یہ واقعہ رونما ہوا تھا،حافظ سعید کا گھرٹارگٹ تو نہیں ہوسکا مگرقیاس ہےکہ اسکا گھرٹارگٹ تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں بھارتی دہشت گردی بے نقاب، ناقابل تردید ثبوت سامنے آگئے
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کو دوسرے ملک میں دہشتگردی کی اجازت نہیں ہے، یہ بھی ضروری نہیں کہ ریاست کا اس میں کوئی عمل دخل ہو، جوہر ٹاؤن معاملے پر بھارت کیا کہتا ہے کیا نہیں اس پر کوئی وضاحت کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف قوم نے بے پناہ قربانیاں دیں،ہم ہر روز نئی صورتحال سے دو چار ہوتے ہیں،پاکستان کئی دہائیوں سے دہشتگردی کا سامنا کر رہا ہے۔