بھارت میں اگلے ماہ سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے نیوزی لینڈ کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے کین ولیمسن قیادت کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوزی کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ سے بھارت میں شروع ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی کیوی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ کین ولیمسن کی انجری سے صحتیابی کے بعد واپسی ہوئی ہے اور وہ میگا ایونٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ ٹام لیتھم ان کے نائب ہوں گے۔
ورلڈ کپ اسکواڈ میں جمی نیشام اور ول ینگ کی واپسی ہوئی ہے جب کہ جب کہ فن ایلن، فاسٹ بولر کائل جیمسین اور ایڈم ملنے ٹیم میں جگہ نہیں پا سکے ہیں۔
اعلان کردہ کیوی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
کین ولیمسن (کپتان)، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر، نائب کپتان)، ٹرینٹ بولٹ، مارک چیپ مین، ڈیون کونوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری، ڈیرل مچل، جمی نیشم، گلین فلپس، راچن رویندرا، مچل سینٹنر، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی اور ول ینگ
کین ولیمسن ورلڈ کپ 2023 میں کسی بھی ٹیم کے واحد کپتان ہوں گے جنہوں نے 2019 کے عالمی کپ میں بھی اپنی ٹیم کی قیادت کی تھی جب کہ ولیمسن کے ساتھ فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی بھی مسلسل چوتھا عالمی کپ کھیلیں گے۔ مارک چیپ مین، ڈیون کونوے، ڈیرل مچل اور گلین فلپس پہلی بار ون ڈے ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ 2019 کے ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم ہے جس کو انگلینڈ کی ٹیم نے سپر اوور میں ہرا کر پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
کیویز 2023 کے میگا ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف 5 اکتوبر کو احمد آباد میں ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ سے کرے گی۔
Our 15 for the @cricketworldcup in India! More | https://t.co/D2jqxQxWeE #BACKTHEBLACKCAPS pic.twitter.com/wIlzA5N3qU
— BLACKCAPS (@BLACKCAPS) September 10, 2023
تمام ٹیموں کے پاس اپنے 15 کھلاڑیوں کے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے 28 ستمبر تک کا وقت ہے اور اس کے بعد کسی بھی تبدیلی کو آئی سی سی سے منظوری درکار ہوگی۔