اتوار, دسمبر 15, 2024
اشتہار

انتخابات کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں، چیف الیکشن کمیشنر

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، شفاف انتخابات کے لیے افسران کا تربیتی پروگرام منعقد  کیا گیا جو بہت مددگار ثابت ہوگا۔

لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز اور یو این ڈی پی کے تعاون سے الیکشن کمیشن کے اعلی افسران کا تربیتی پروگرام مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈسردار رضا نے کہاکہ بہتر انتخابی عمل کے لیے افسران کا تربیتی پروگرام خوش آئند ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تربیت مکمل کرنے والے افسران 2018 کے عام انتخابات کے حوالے سے پالیسی مرتب کریں گے، یہ پروگرام آئندہ انتخابات میں بہت زیادہ مددگار ثابت ہوگا۔

- Advertisement -

اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر محمود فتح محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی پروگرام دھاندلی کمیشن کے نکات پر عمل درآمد کا تسلسل ہے تاہم دھاندلی کی سفارشات پر عملدرآمد شروع کردیاگیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ انتخابی اصلاحات کمیٹی الیکشن کمیشن کو با اختیار بنانے کے لیے تجاویز اور قانون تیار کر رہی ہے اس حوالے سے جو تجاویز سنی ہیں اگر انہیں کم نہ کیا گیا تو الیکشن کمیشن بہتر کام کر سکے گا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہمارے ادارے کے ملازمین کی تنخواہیں دیگر سرکاری ملازمین کے مقابلے میں بہت کم ہیں جس کی وجہ سے عملے کو معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حکومت سے اس معاملے پر توجہ دینے کی درخواست کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ الیکشن کے لیے پولنگ عملے کی تربیت کا کام رواں سال سے شروع کردیا جائے گا تاکہ صاف شفاف ووٹنگ ہو سکے،  آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے الیکٹرانک ووٹر اور بائیو میٹرک مشینوں کی تیاری پر کام جاری ہے۔

مردم شماری کے حوالے سے سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ آبادی کی صحیح تعداد سامنے آنے کے بعد کام آسان ہوجائے گا، ماضی میں دھاندلی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے سوالات پر اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان سمیت تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر چلیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں