لاہور: گلشنِ اقبال میں واقع پارک میں خود کش حملےکی تحقیقات میں پیشرفت جاری ہے، پولیس نے مبینہ حملہ آور کے بھائی گرفتارکرلیے ہیں۔
لاہور دھماکے کے ذمہ داروں کا کھوج لگانے کے لیے تحقیقاتی ادارے حرکت میں آگئے۔ پنجاب فرانزک ٹیم نے دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کیے ہیں۔ دھماکے کے مقام سے مبینہ خودکش حملہ آورکا شناختی کارڈ بھی ملاہے۔
شناختی کارڈکے مطابق مبینہ حملہ آورکا نام محمد یوسف ولد غلام فرید ہے اوروہ بستی بیٹ والا مظفر گڑھ کا رہائشی ہے۔
تفتیسی اداروں نے مبینہ حمہ آور کے شناختی کارڈ پر موجود پتے کی مدد سے مظفر گڑھ کے رہائشی مبینہ حملہ آور کے چار بھائیوں کو گرفتارکرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کی جگہ سے ملنے والے شناختی کارڈ اور دیگرشواہد کے ذریعے تحقیقات میں مزید مدد ملے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے بتایا کہ دھماکا خودکش تھا، حملہ آور نے گیٹ پرپہنچ کرخود کو اڑایا۔ دھماکے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیاگیا۔ مقدمےمیں دہشت گردی، قتل،اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔