اسلام آباد :ملک میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر پیشگی الرٹ جاری کردیا، جس میں علامات، علاج اور بچاؤ کی تدابیر پر مشتمل جامع گائیڈ لائنز فراہم کی گئی ہیں۔
قومی ادارہ صحت نے ملک میں ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیشِ نظر پیشگی الرٹ جاری کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی محکمہ صحت کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ایڈوائزری میں ڈینگی کی علامات، علاج اور بچاؤ کی تدابیر پر مشتمل جامع گائیڈ لائنز فراہم کی گئی ہیں۔
این آئی ایچ نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران ملک بھر میں ڈینگی کے 78 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہر سال موسم برسات کے دوران ڈینگی کیسز میں اضافہ ایک معمول بن چکا ہے، جس کے لیے سیزن شروع ہونے سے پہلے ہی مؤثر سرویلنس اور پیشگی تیاریاں ناگزیر ہیں۔
قومی ادارہ صحت نے اسکول، ہسپتال، زیرِ تعمیر عمارات اور ٹائر شاپس کو ڈینگی کے ‘ہاٹ سپاٹس’ قرار دیتے ہوئے ان مقامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ڈینگی لاروا کی بریڈنگ سائٹس کا ہنگامی طور پر خاتمہ کیا جائے اور کیس کنفرم ہونے کی صورت میں ان ڈور اسپرے اور فوگنگ یقینی بنائی جائے۔
اس کے علاوہ نامزد ہسپتالوں میں فوری طور پر ڈینگی آئیسولیشن وارڈز قائم کیے جائیں اور مریضوں کا یومیہ ڈیٹا مرتب کیا جائے اور ڈینگی پر قابو پانے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو آگاہی مہم میں شامل کیا جائے۔
قومی ادارہ صحت نے واضح کیا ہے کہ ڈینگی آؤٹ بریک کی صورت میں تحقیقات کے لیے ادارے کی تکنیکی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ وفاقی اور صوبائی محکمہ صحت کو تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔


