جمعرات, مارچ 12, 2026
اشتہار

نیپاہ وائرس کورونا سے زیادہ خطرناک قرار، ماہرین صحت نے خبردار کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پبلک ہیلتھ ایکسپرٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید خان نے نیپاہ وائرس کو کورونا سے بھی خطرناک قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پبلک ہیلتھ ایکسپرٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید خان نے نپاہ وائرس کو کورونا سے بھی زیادہ خطرناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس وائرس سے بچاؤ کے لیے تاحال کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے۔

ڈاکٹر سعید خان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس وقت پاکستان میں صورتحال قابو میں ہے، تاہم مسلسل نگرانی اور احتیاطی اقدامات پر عمل نہایت ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت میں 2023 کے بعد ایک بار پھر نپاہ وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس پر سنجیدہ اور فوری حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں اسکریننگ کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لوگوں کی نقل و حرکت محدود کی جائے۔

پبلک ہیلتھ ایکسپرٹ نے عالمی کرکٹ کے تناظر میں خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں آئی سی سی کے بڑے ایونٹس، خصوصاً ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بھارت میں کرانے کے فیصلے پر نظرثانی ہونی چاہیے تاکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت کو لاحق ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔

دوسری جانب بھارت میں نپاہ وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے شفاف معلومات کی کمی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

عالمی میڈیا نے بھی بھارتی حکام کے اقدامات اور وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مغربی بنگال میں نپاہ وائرس کے دو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ریاست کیرالہ میں ایک نوجوان کے جاں بحق ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔

نپاہ وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے اور ماہرین کے مطابق اس کی شدت کورونا وائرس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے، اس وائرس میں شرح اموات 40 سے 75 فیصد تک ہو سکتی ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بھارت میں ماضی کے مختلف بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے دوران صحت و صفائی کے انتظامات پر بھی تنقید سامنے آتی رہی ہے، جس کے باعث موجودہ صورتحال میں حفاظتی اقدامات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں