کھٹمنڈو : نیپالی پولیس نے زرعی بینک سے کروڑوں روپے کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے والے بھارتی تاجر کو حراست میں لے لیا، ملزم پر ساڑھے چار کروڑ روپے سے زائد رقم ہیک کرنے کا الزام ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال پولیس کی کرائم برانچ نے مبینہ طور پر چمپاوت بنباسا کے علاقے سے ایک تاجر کو گرفتار کیا ہے اور اسے مزید تفتیش کیلیے کٹھمنڈو لے گئی ہے۔
ملزم یش راج بھٹ نے نیپال کے سرکاری زرعی بینک سے 4.8 کروڑ روپے کی رقم ہیک کی جس میں سے ساڑھے تین کروڑ روپے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرسکا تاہم باقی رقم منتقل نہیں کی جاسکی۔
نیپال کے سوشل میڈیا کے مطابق یہ معاملہ گذشتہ سال ستمبر کا ہے جس کے کچھ عرصے کے بعد کھٹمنڈو میں اس واقعے کی ایف آئی آر درج کی گئی، معاملے کی تحقیقات نیپال کی کرائم برانچ کے حوالے کردی گئی ہے۔
بعد ازاں تفتیشی ایجنسی نے بھارتی تاجر یش راج بھٹ کو گرفتار کرکے تفتیش کی تو ملزم نے نیپال پولیس کو چمپاوت کے بنباسا سے تعلق رکھنے والے ایک اور تاجر سشیل گرگ کا نام بتایا۔
ملزم سشیل گرگ جوتوں اور ٹرانسپورٹ کا کاروبار کرتا ہے اور اس سلسلے میں وہ منگل کو نیپال کے ضلع کنچن پور میں گڈہ گیا تھا، ادھر نیپال پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ یہ بھی اطلاع ہے کہ نیپال پولیس بھارتی تاجر کو مزید تفتیش کے لئے کھٹمنڈو لے گئی ہے۔
ملزم پر الزام ہے کہ ہیکر کی جانب سے کمیشن ہندوستانی تاجر کے اکاؤنٹ منتقل کیا گیا اور بعد میں 45 لاکھ روپے کی رقم مہیندر نگر کے ایک تاجر یش راج بھٹ کے اکاؤنٹ میں بھیجی گئی جہاں سے یہ فراڈ سامنے آیا، اسی بنیاد پر نیپال پولیس نے یش راج کو گرفتار کیا۔