کراچی : صوبائی وزیر اطلاعات و تعلیم نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ ذوالفقار مرزا خود مکافات عمل سے گزر رہے ہیں تو ان کیلئے کیا کہوں؟، الیکشن کمیشن کے اراکین استعفے دیں یا نہ دیں پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات کیلئے میدان نہیں چھوڑے گی ۔
سندھ اسمبلی میں سیکریٹری تعلیم سندھ فضل اللہ پیچوہو اور آئی بی اے سکھر کے سربراہ نثار صدیقی کے درمیان گھوٹکی پبلک اسکول کو آئی بی اے کی سرپرستی میں دینے کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے ۔
اس موقع پر نثار کھوڑو کاکہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پر اعتراضات اپنی جگہ پر قائم ہیں، ان کاکہنا تھا کہ رحمان ملک کے بیان سے پارلیمنٹ سے استعفے نہیں دیئے جاسکتے ۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے استعفے دینے کے فیصلے کیلئے پارٹی کا اعلیٰ سطحی فورم موجود ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عسکری قیادت نے پیپلزپارٹی کے کسی بھی وزیر کی گرفتاری کیلئے کوئی بیان نہیں دیا اور نہ کوئی مطالبہ کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت موجود ہے ہم ساری چیزوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ 84 ہزار اساتذہ کو رجسٹرڈ کیا ہے ،اور 58 ہزار اساتذہ بغیر کسی سفارش کے بھرتی کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں بڑی تعداد میں پرائمری، ایلیمنٹری اور ہائیر سیکنڈری اسکول فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر بنائے جارہے ہیں، جبکہ مختلف اضلاع میں کمپری ہینسو اسکول پر بھی کام کیا جاچکا ہے۔