کراچی: انجیکشن کے اوور ڈوز کے باعث موت و زندگی کی کشمکش میں مبتلا نشوا کے والد پر دباؤ اور زبردستی صلح نامے کے معاملے پر ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی لیاقت نیشنل اسپتال پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق نشوا کے والد پر دارالصحت کے مالک عامر چشتی نے ایم کیو ایم کے ایک رہنما کے ساتھ صلح کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تھی، جس پر ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے لیاقت نیشنل اسپتال میں قیصر علی سے ملاقات کی۔
ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن بھی عامر فاروق کے ہم راہ تھے۔
نشوا کے والد قیصر علی سے گزشتہ روز دارالصحت اسپتال کے مالک کے دباؤ سے متعلق پوچھا گیا، قیصر نے کہا کہ جن لوگوں کے نام انھوں نے دیے تھے انھیں تا حال گرفتار نہیں کیا گیا۔
نشوا کے والد کا مؤقف تھا کہ انھیں انصاف چاہیے، قیصر علی کا کہنا تھا کہ انھوں نے عامر چشتی اور علی فرحان سمیت 10 افراد کے نام بیان میں دیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: نشوا کے مظلوم باپ پر صلح کے لیے دباؤ ڈالے جانے کا انکشاف
بچی کے والد نے کہا کہ پولیس ایک ہفتے کے اندر صرف معیز کو پکڑنے اور ثوبیہ کو چھوڑنے کا کام ہی کر سکی ہے۔
اس موقع پر ڈی آئی جی عامر فاروقی نے نشوا کے والد کو یقین دہانی کرائی کہ دیگر تمام نامزد افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بھی نشوا کے والد سے گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ کوئی بھی آپ کو دھمکی دے تو پولیس کو بتائیں، کارروائی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ دباؤ اور دھمکیوں پر نشوا کے والد کو سیکورٹی بھی فراہم کر دی گئی ہے۔