جمعرات, مئی 21, 2026
اشتہار

غزہ میں کسی معاہدے کا امکان نہیں، اسرائیل نے امریکا کو بتا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

تل ابیب (18 ستمبر 2025): اسرائیل نے امریکا کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ غزہ میں کسی معاہدے کا امکان نہیں ہے، اور یہ کہ وہ کارروائی میں توسیع کریں گے۔

العربیہ کے مطابق ایک طرف جب امریکا قطر کو ثالثی کے کردار میں واپس لانے اور بحران حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، دوسری طرف اسرائیل نے امریکا کو باضابطہ اطلاع دی ہے کہ وہ غزہ میں اپنی کارروائیاں عالمی تنقید کے باوجود جاری رکھے گا، اور کسی معاہدے کا امکان نہیں ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے حماس کو نئی دھمکیاں دی ہیں، کاٹز نے کہا کہ اگر حماس نے اسرائیل کی شرائط نہ مانیں تو غزہ میں مزید شدت اختیار کرنے والے حملے کیے جائیں گے، اور اسرائیل اپنی دھمکی پر عمل کرے گا۔

اسرائیلی نشریاتی ادارے نے بتایا کہ تل ابیب نے واشنگٹن کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ وہ تمام مذمتوں کے باوجود غزہ کی پٹی میں اپنی فوجی کارروائی کو مزید گہرا کرنے جا رہا ہے۔

برطانوی وزیراعظم کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا منصوبہ سامنے آگیا

واضح رہے کہ امریکا اس وقت اسرائیل اور قطر کے درمیان ثالثی کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاکہ اس بحران کا کوئی حل تلاش کیا جا سکے جو دوحہ میں حماس کے اعلیٰ حکام کے خلاف اسرائیلی حملے کی وجہ سے پیدا ہوا تھا اور دوحہ کو اسرائیل اور حماس کے درمیان ثالثی کے کردار میں واپس لایا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی اسرائیل پر زور دے رہے ہیں کہ وہ کشیدگی کم کرنے اور قطر کے ساتھ بحران کو حل کرنے کے لیے اقدامات کرے۔

دوسری طرف اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی پر حملے تیز کر دیے ہیں، صرف پیر کی رات سے 150 سے زائد اہداف پر بمباری کی گئی۔ غزہ کے شہریوں کے لیے ’عارضی منتقلی کا راستہ‘ قائم کیا گیا ہے تاکہ وہ محفوظ علاقوں میں منتقل ہو سکیں۔ اندازہ ہے کہ 3.5 لاکھ سے زائد افراد غزہ سٹی چھوڑ چکے ہیں، جب کہ بہت سے افراد کے پاس جانے کی کوئی محفوظ جگہ نہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں