لندن : وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دینے سے متعلق واضح کیا کوئی ڈیل ہو رہی ہے اور نہ کوئی ڈھیل۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ کی لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کوئی ڈیل ہو رہی ہے نہ کسی کو ڈھیل دی جا رہی ہے، معاملہ عدالت میں ہے اور ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر سنسنی پھیلائی گئی، تاہم ان کی صحت تشویشناک نہیں۔ جو مسئلہ تھا وہ حل ہو چکا ہے اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو اڈیالہ جیل میں بریفنگ بھی دی گئی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
فلسطین کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ انہیں غزہ بورڈ آف پیس میں شرکت کا دعوت نامہ ملا ہے، پاکستان کا فلسطین کے معاملے پر مؤقف واضح ہے اور پاکستان نے ہمیشہ تعمیری کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی پاکستانی وزیراعظم کا 34 برس بعد آسٹریا کا دورہ ہوا، اس سے قبل نواز شریف نے 1992 میں آسٹریا کا دورہ کیا تھا۔
کرکٹ سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت سے میچ ہارنے پر وزیراعظم سے باضابطہ بات نہیں ہوئی، کبھی ہار کبھی جیت کھیل کا حصہ ہے، قومی ٹیم میں بہتری کی گنجائش موجود ہے اور حالات بہتر ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


