بھارت کے معروف ہدایت کار انیس بزمی نے سپر ہٹ فلم ’نو انٹری‘ کے سیکوئل کی تصدیق کردی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ’نو انٹری‘ کے سیکوئل سے متعلق کئی عرصے سے افواہیں گردش کررہی تھیں تاہم اب انیس بزمی نے اس کے بنائے جانے کی تصدیق کردی ہے۔
انیس بزمی کا کہنا تھا کہ کچھ فلمیں جلد بن جاتی ہیں اور کچھ کو بننے میں وقت لگتا ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ نو انٹری 2 لازمی بنے۔
ہدایت کار نے کہا کہ یہ میرے کیریئر کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے اور مجھے بہت عزیز ہے۔
یہ پڑھیں: ’نو انٹری 2‘ کو ریلیز سے قبل ایک اور بڑا جھٹکا، اہم اداکار فلم سے باہر
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی لوگ اس فلم سے جڑے ہوئے ہیں سب بہت پرجوش ہیں اور لوگ اس فلم کو بہت پسند کریں گے۔
اس سے قبل میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ورون دھون بھی فلم کے سیکوئل سے علیحدگی اختیار کرچکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ورون دھون اب ’نو انٹری 2‘ کا حصہ نہیں رہے، اور ان کی فلم میں شمولیت کے حوالے سے کی جانے والی تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ فلم نو انٹری کو اگست 2005 میں ریلیز کیا گیا تھا جس میں سلمان خان، انیل کپور، فردین خان، لارادفتہ اور بپاشا باسو نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔


