تازہ ترین

وہ لوگ جن کی عید پر بھی چھٹی نہیں

عید کے دن ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ خوشیاں منائے مگر کچھ شعبے ایسے بھی ہیں جن سے وابستہ افراد کو ہرصورت دفاتر میں حاضری یقینی بنانا ہوتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عید الفطر کا تہوار جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، اس ضمن میں حکومت نے چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا مگر  چند ایسے سرکاری و نجی شعبوں کے ملازمین بھی ہیں جنہیں ان اہم ایام میں چھٹی کے روز بھی دفاتر ہر صورت پہنچنا ہوتا ہے۔

عید کی مبارک خوشیاں اپنے اہل خانہ کے ساتھ نہ منانے والے لوگ کون سے شعبوں سے وابستہ ہیں، آئیں اس پر سر سری نظر ڈالتے ہیں۔

مسلح افواج و حساس ادارے

مسلح افواج اور حساس ادارے کے جوان بشمول پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ملک بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی خوشیوں کی قربانی دیتے ہیں۔ عوامی مقامات اور ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور جوان عید کی خوشیاں اپنے مقررہ مقام پر مناتے ہیں اس اقدام کا مقصد عوام کو عید کی خوشیوں میں مکمل تحفظ فراہم کرنا ہے۔

مسلح افواج کے سربراہان اور اعلیٰ افسران جوانوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے اُن کے ساتھ ہی نمازِ عید ادا کرتے ہیں اور اُن سے گلے مل کر پرمسرت دن کی مبارک باد پیش کرتے ہیں، یہ موقع جوانوں کے لیے قابلِ فخر ہوتا ہے کہ جب وہ اپنے درمیان سربراہ کو پاتے ہیں۔

سیاسی و عوامی نمائندے

صدر اور وزیراعظم سمیت اراکین اسمبلی و عوامی نمائندے بھی عید کے دن کو عوام کے لیے مختص کردیتے ہیں اور اس دن سب کو مبارک باد دیتے اور وصول کرتے نظر آتے ہیں۔

میڈیا (صحافت)

ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد عوام تک بدلتے حالات و واقعات کی رسائی کے لیے دفاتر میں موجود ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ گھروں میں بیٹھے ناظرین ہر تھوڑی دیر میں ٹی وی اسکرین پر خبریں اورمختلف تفریح پروگرام ملاحظہ کرتے ہیں۔

ایک پروگرام کے آن ائیر ہونے کے پیچھے پوری ٹیم کا ہاتھ ہوتا ہے جس میں کیمرے میں نظر آنے والے شخص تو اہم ہوتا ہی ہے مگر ڈائریکٹر، پروڈیوسر، کیمرہ مین، اسکرپٹ رائٹر وغیرہ بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، یہ تمام لوگ عید کے موقع پر بھی اپنے دفاتر میں موجود رہتے ہیں۔

سیکیورٹی گارڈ / چوکیدار

عید کے موقع پر  دفاتر میں تعینات سیکیورٹی گارڈز کی بھی چھٹی نہیں ہوتی اور وہ عید کی خوشیاں ساتھیوں کے ساتھ مناتے ہیں۔

ڈاکٹرز

ڈاکٹرز کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اسپتالوں میں موجود ہوتے ہیں تاکہ طبیعت ناسازی یا کسی بھی حادثے کی صورت میں اسپتال آنے والے مریض کو فوری طور پر علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

فلاحی ادارے (ایمبولینس ڈرائیورز)

ایمبولینس ڈرائیور بھی عید کے روز اپنے امور سرانجام دیتےہیں اور وائرلیس پر ملنے والی ہدایت کے مطابق اپنی گاڑی کو اُسی سمت دوڑاتے نظر آتے ہیں۔

دیگر شعبوں کے ملازمین

کال سینٹر پر ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے افراد بھی اس بات کے پابند ہوتے ہیں کہ وہ شیڈول کے مطابق عید کے روز نوکری پر آئیں اور موصول ہونے والی کالز پر بھرپور جواب دیں، کسی بھی بینک یا موبائل فون کمپنی کی ہیلپ لائن پر بیٹھے نمائندگان عید کے روز بھی آپ کی رہنمائی کرتے نظر آتے ہیں۔

اسی طرح بنگلوں یا کسی گھر پر کام کرنے والے ملازمین اس بات کے بھی پابند ہوتے ہیں کہ وہ عید کے روز صاحب کے گھر پر موجود رہیں کیونکہ اس روز سارا اہل خانہ گھر پر موجود ہوتا ہے تو (ماسیوں، خاکروب، چوکیدار اور ڈرائیورز) کا ڈیوٹی پر رہنا لازم ہوتا ہے۔

ان چیدہ چیدہ شعبوں کے علاوہ اور بھی کئی ایسے شعبے ہیں جہاں لوگ اس بات کے پابند ہوتے ہیں کہ وہ عید کے ایام میں بھی روزانہ کی طرح اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔

Comments

- Advertisement -
عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں