کیا آپ کسی ایسی جگہ کا تصور کر سکتے ہیں جہاں انٹرنیٹ، وائی فائی اور موبائل فون کا استعمال ممنوع ہو اور یہاں تک مائیکرو ویو کے استعمال پر بھی پابندی ہو؟
اگر آپ ایسی جگہ کا تصور ناممکن سمجھتے ہیں تو آپ کو بتا دیں کہ ایسا منفرد مقام امریکا میں موجود ہے جس کا نام گرین بینک ہے۔ امریکی ریاست ویسٹ ورجینیا میں پٹسبرگ سے چند گھنٹے جنوب میں ایک قصبہ ایسا ہے جہاں انوکھی پابندیاں عائد ہیں۔
اس منفرد مقام پر وائی فائی تک رسائی محدود ہے اور ریڈیو اسٹیشن کا پتا لگانا ایک چینلج سے کم نہیں ہے۔ گرین بینک کو عام طور پر امریکا کا سب سے پُرسکون شہر کہا جاتا ہے۔
اس شہر میں آنے والے سیاحوں کو ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے راستوں کو تلاش نہیں کرنا پڑتا بلکہ روڈ سائنز (Road Signs) سے مدد لینی پڑتی ہے۔
شہر میں دو گرجا گھر، ایک پرائمری اسکول، ایک لائبریری اور دنیا کی سب سے بڑی مکمل طور پر چلنے والی ریڈیو دوربین کا گھر موجود ہے۔
امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے چار گھنٹے کی دوری پر ہونے کے باوجود یہاں انٹرنیٹ سروس اور وائی فائی کا فقدان ہے۔
اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہ شہر گرین بینک نیشنل ریڈیو کوئٹ زون (NRQZ) کے اندر واقع ہے جو کہ 1958 میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ مخصوص علاقہ 33,000 مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ NRQZ ریڈیو فریکوئنسی مداخلت کو کم کرنے کیلیے بنایا گیا تھا۔
گرین بینک آبزرویٹری میں اسٹیریبل ریڈیو دوربین موجود ہے جس کو بچانے کیلیے ایسی ٹیکنالوجیز کا استعمال ممنوع ہے جو برقی مقناطیسی لہروں کا اخراج کرتی ہیں۔