سیاسی جماعت کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، ترجمان رینجرز

کراچی : سندھ رینجرز کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے کراچی کی ایک سیاسی جماعت اپنے کارکن ریاض الحق کے ماورائے عدالت قتل کے حوالے سے رینجرز پر الزامات عائد کررہی ہے جو کہ بے بنیاد ہیں۔
ترجمان رینجرز نے مزید کہا ہے کہ سیاسی جماعت کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات سراسر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں، ان الزامات کا مقصد شہر کراچی میں جاری آپریشن کے حوالے سے عوام میں منفی تاثر پیدا کرنا ہے۔
ترجمان رینجرز نے سیاسی جماعت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بے بنیاد الزامات لگا کر کراچی آپریشن پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
واضح رہے کراچی کی ایک سیاسی جماعت کی جانب سے رینجرز پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ حیدر عباس رضوی کے کوارڈینیٹر اور ہمارے کارکن ریاض الحق کو گزشتہ سال مئی میں ان کے گھر سے گرفتار کر کے لاپتہ کردیا گیا تھا جبکہ اہل خانہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے گرفتاری کے بعد سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرادی تھی تاہم بعد ازاں ریاض الحق کی تشدد زدہ نعش برآمد ہوئی۔
یاد رہے دو روز قبل سندھ ہائی کورٹ میں ریاض الحق گمشدگی کیس کی سماعت کے دوران جج نے متعلقہ اداروں اور سیکریٹری سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے گمشدگی کے حوالے سے جواب طلب کیا ہے۔