The news is by your side.

شہر میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی، کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی

کراچی : ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی اور شیڈول میں بھی کوئی اضافہ یا تبدیلی نہیں کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کو پینسٹھ فیصد سے زائد ریونیو دینے والے شہر کراچی میں چودہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے ، جس کے بعد عوام کا صبر جواب دینے لگا۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی اور شیڈول میں بھی کوئی اضافہ یا تبدیلی نہیں کی گئی۔

ترجمان کہا ہے کہ کراچی میں بجلی کی سپلائی ویب سائٹ پر موجود 30 جون کو جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق ہے تاہم بجلی کا شارٹ فال 24 گھنٹے برقرار رہنے کے باعث رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ ناگزیر ہے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان نے شہر کے کسی بھی حصے میں 10 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا بلوں کی عدم ادائیگی اور تکنیکی وجوہات کی بناء پر بجلی کی بندش کو لوڈشیڈنگ سے تشبیہ دینا درست نہیں۔

ترجمان کے مطابق بجلی سپلائی سے متعلق مزید مدد کے لئے کے الیکٹرک کے کال سینٹر 118، ایس ایم ایس سروس 8119، کےای لائیو ایپ اور بذریعہ سوشل میڈیا بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں