بدھ, جولائی 15, 2026
اشتہار

امریکا ایران امن معاہدہ ! نوبل پیس فار فیلڈ مارشل عاصم منیر ایکس پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : امریکا ایران امن معاہدہ میں پاکستان کی مؤثر ملٹری ڈپلومیسی پر نوبل پیس فار فیلڈ مارشل عاصم منیر ایکس پرٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے تاریخی امن معاہدے میں پاکستان کے کلیدی اور مؤثر سفارتی کردار نے عالمی برادری کو حیران کر دیا ہے۔

اس کامیابی کے بعد بین الاقوامی منظرنامے پر پاکستان کا وقار انتہائی بلند ہوا ہے، جبکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی دور اندیشی کو زبردست الفاظ میں سراہا جا رہا ہے۔

تاریخی کامیابی کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابق ٹویٹر) پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے لیے تعریفی ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، صارفین کی جانب سے عسکری قیادت کی مؤثر ملٹری ڈپلومیسی کی بھرپور پذیرائی کی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے آرمی چیف کو "فیلڈ مارشل عاصم منیر” کے خطاب سے نوازتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی امن کے لیے ان کی اس عظیم کاوش پر انہیں "نوبل پیس پرائز” دیا جائے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم اور آرمی چیف کی مشترکہ اور انتھک کاوشوں کی بدولت ہی امریکا اور ایران جیسا بڑا معاہدہ ممکن ہو سکا ہے۔

اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے امن معاہدے کے حوالے سے کیے گئے ٹویٹ کو محض چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں صارفین نے ری ٹویٹ کیا۔

پاکستان کی اس مؤثر سفارت کاری کا سب سے بڑا اعتراف خود روایتی حریف بھارت کے چوٹی کے صحافیوں اور ماہرین کی طرف سے سامنے آیا ہے، جس کے باعث دشمن بھی تعریف کرنے پر مجبور ہو گیا۔

انہوں نے ایران امریکا جنگ کے خطرے کو ٹالنے میں پاکستان کے کردار کا کھلے دل سے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ "دنیا اب امن کے لیے بھارت کے بجائے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، جو کہ مودی سرکار کی خارجہ پالیسی کی بہت بڑی ناکامی ہے”۔

معروف بھارتی تجزیہ کار اشوک سوائن نے بھی ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں امریکا ایران امن معاہدے میں پاکستان کے مثبت اور تاریخی کردار کی کھل کر تعریف کی۔

اس کے علاوہ کئی دیگر بھارتی صارفین نے سوشل میڈیا پر نریندر مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی انتہا پسند پالیسیوں کی بدولت دنیا بھر میں تنہا ہو چکا ہے جبکہ پاکستان عالمی امن کا مرکز بن گیا ہے۔

سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کو ایک بڑی جنگ کی آگ میں جھلسنے سے بچانے کے لیے پاکستان نے جو متحرک کردار ادا کیا ہے، اس نے اقوامِ عالم میں پاکستان کو مرکزِ نگاہ بنا دیا ہے۔

پاکستان کی دوراندیش سیاسی اور عسکری قیادت نے پوری دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان صرف اپنے فائدے کا نہیں بلکہ ہمیشہ عالمی امن و استحکام کا علمبردار رہا ہے۔

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں