پاکستان کے اسپنر نعمان علی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں جسپریت بمراہ کے قریب آگئے۔
لاہور ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف شاندار بولنگ پر نعمان علی کی ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے، اسپنر چار درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
نعمان علی نے جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ پہلے نمبر پر موجود ہیں، نعمان علی کو پہلے نمبر پر آنے کے لیے 29 پوائنٹس درکار ہیں۔
اسپنر ساجد خان 21ویں نمبر پر برقرار ہیں جبکہ محمد عباس اور نسیم شاہ بالترتیب 27ویں اور 34ویں نمبر پر موجود ہیں۔
یہ پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز، پاکستان نے 4 وکٹوں پر 94 رنز بنالیے
حسن علی نے ابرار احمد کے ساتھ اپنی 42 ویں پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ تاہم تیز گیند باز خرم شہزاد دو درجے تنزلی کے ساتھ 66 ویں اور عامر جمال تین درجے گر کر 74 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں سعود شکیل 727 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ نیچے 13ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور بابر اعظم نے نمایاں فائدہ اٹھایا، رضوان چار درجے چڑھ کر 16ویں اور بابر دو درجے ترقی کر کے 22ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
سلمان علی آغا 8 درجے چھلانگ لگا کر 30 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق دو درجے گر کر 52 ویں اور کامران غلام دو درجے گر کر 78 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ عامر جمال اور صائم ایوب بھی ایک ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 86ویں نمبر پر ہیں۔
انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک بالترتیب پہلے اور دوسرے جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے نمبر پر ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


