منگل, مارچ 10, 2026
اشتہار

نعمان علی نے تمام اسپنرز کو پیچھے چھوڑ دیا! بڑے بڑوں کے ریکارڈ چکنا چور

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (16 اکتوبر 2025): جنوبی افریقہ کی 10 وکٹیں لے کر ورلڈ چیمپئن کیخلاف میچ جتوانے والے نعمان علی نے بڑے بڑوں کے ریکارڈ توڑ ڈالے۔

انگلینڈ کے بعد موجودہ ورلڈ چیمپئن جنوبی افریقہ کے خلاف بھی نعمان علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ میں 10 وکٹیں لے کر پاکستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کا فاتحانہ آغاز کرایا۔

39 سالہ نعمان علی نے اس کے ساتھ ہی پاکستان کے تمام سابق مایہ ناز اسپنرز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

نعمان علی نے جنوبی افریقہ کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر میں تیسرا موقع تھا کہ جب انہوں نے حریف ٹیم کے 10 یا اس سے زائد شکار کیے۔

39 سالہ اسپنر اسکے ساتھ ہی اپنے ابتدائی 20 ٹیسٹ میچز میں 9 مرتبہ اننگز میں 5 وکٹیں اور تین بار میچ میں 10 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی اسپنر بن گئے ہیں۔ اور انہوں نے لیجنڈری عبدالقادر، مشتاق احمد، ثقلین مشتاق، سعید اجمل، شاہد آفریدی سمیت دیگر مایہ ناز اسپنرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔

نعمان علی نے اس کے ساتھ ہی لاہور ٹیسٹ میں ابتدائی 20 میچز میں تین بار 10 یا اس سے زائد وکٹیں لے کر لیجنڈری سابق ٹیسٹ کرکٹر فضل محمود کا ریکارڈ بھی برابر کیا۔

اس کے ساتھ ہی 39 سالہ لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی لیجنڈری وقار یونس کے بعد اپنے ابتدائی ٹیسٹ میچز میں سب سے زیادہ اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے قومی بولر بن گئے ہیں۔

وقار یونس نے 1989 سے 1993 کے درمیان اپنے ابتدائی 20 ٹیسٹ میچز میں ایک اننگ میں 11 مرتبہ 5 یا اس سے زائد کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

نعمان علی اپنے کیریئر میں 20 ٹیسٹ میچز کھیل کر 24.15 کی اوسط سے 93 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ قابل ذکر یہ ہے کہ انہوں نے نصف وکٹیں اپنے آخری پانچ میچز میں حاصل کیں۔

لیفٹ آرم اسپنر 5 ٹیسٹ کے تسلسل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بھی بن گئے۔ انہوں نے کیریئر کے 16 ویں سے 20 ویں ٹیسٹ کے دوران 46 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ لیجنڈری عبدالقادر کے پاس تھا، جنہوں نے اپنے کیریئر کے 48 ویں سے 52 ویں ٹیسٹ میچ کے دوارن 44 وکٹیں لی تھیں۔

اس کے علاوہ نعمان علی گزشتہ 12 ماہ میں دنیا میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اسپنر بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے اس دوران 46 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ اس سے قبل لاہور ٹیسٹ میں کئی دیگر کھلاڑیوں کے ریکارڈ بھی توڑ چکے ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں