نوح ناروی استاد شاعر داغ دہلوی کے تلامذہ میں نمایاں مقام رکھتے تھے اور ان جانشین بھی بنے۔ نوح ناروی نے روایتی موضوعات اور عام بندشوں کو اپنے مخصوص کلاسیکی رنگ میں خوب صورتی سے بیان کیا ہے۔
حضرت نوح ناروی نے اُردوشاعری کی تقریباً تمام اصنافِ سخن میں طبع آزمائی کی لیکن ان کی محبوب صنف غزل تھی۔ نوح ناروی کو دلّی کی ٹکسالی زبان پر عبور حاصل تھا اور وہ صحت زبان اور شاعری میں روایتی خصوصیات اور پابندیوں کے زبردست حامی تھے۔ کچھ ناقدین کا خیال ہے کہ ان کی غزلوں میں مجموعی طور پر سوز و گذار کی کمی ہے۔ لیکن زبان و فن پر گرفت کے ساتھ بیان کی صفائی، کلام کی روانی اور روز مرہ محاورات کی دل آویز بندشیں اور تغزل کی چاشنی اُن کے کلام کا وہ وصف ہیں جن سے اکثر شعرا محروم رہے۔
نوح ان شاعروں میں سے ہیں جنھوں نے اپنے تخلص کو اپنی شاعری کی صورت گری میں بہت جگہ دی۔ ان کے مجموعوں کے نام اس کی عمدہ مثال ہیں جن میں سفینۂ نوح، طوفانِ نوح اور اعجازِ نوح شامل ہیں۔
ان کا اصل نام محمد نوح تھا۔ تخلّص بھی نوح اختیار کیا۔ ادبی تذکروں میں ان کا سنِ پیدائش 1878ء لکھا ہے جب کہ ضلع رائے بریلی ان کا آبائی وطن تھا۔ ابتدائی تعلیم گھر پر ہوئی، اس کے بعد میر نجف علی سے فارسی، عربی کا درس لیا اور ان زبانوں میں کمال حاصل کیا۔
حضرت نوح ناروی اپنی شاعری میں اسی بانکپن اور بے باکی کے لیے پہچانے گئے جو داغ کا خاصہ تھا۔ استاد رنگ ان کی شاعری میں اس قدر نظر آتا ہے کہ اکثر نوح ناروی کے اشعار پر داغ کے کلام کا دھوکا ہوتا ہے۔ نوح ناروی نے حسن و عشق کے موضوعات کو بڑی نزاکت اور خوب صورتی سے برتا ہے۔ 10 اکتوبر 1962ء کو نوح ناروی کا انتقال ہوگیا تھا۔ ان کے چند اشعار ملاحظہ کیجیے۔
محفل میں تیری آ کے یوں بے آبرو ہوئے
پہلے تھے آپ، آپ سے تم، تم سے تُو ہوئے
ہم انتظار کریں ہم کو اتنی تاب نہیں
پلا دو تم ہمیں پانی اگر شراب نہیں


