پیر, دسمبر 9, 2024
اشتہار

نورعالم خان اور ڈپٹی کمشنر میں تلخ کلامی کی وجہ سامنے آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین نورعالم خان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے درمیان تلخ کلامی کے واقعہ کی وجوہات سامنے آگئی ہیں۔

اے آر وائی نیوز رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی نورعالم خان کے دوست کا پیٹرول پمپ سیل کیا تھا، جس پر نور عالم خان نے ڈی سی اسلام آباد کو ہدایت کی تھی کہ وہ پمپ کو ڈی سیل کریں، تاہم ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے پمپ کو فوری ڈی سیل کرنے سے انکار کردیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق پمپ کو ڈی سیل کیا جائے گا۔ ڈی سی اسلام آباد کے پیٹرول پمپ کو ڈی سیل کرنے سے انکار کرنے پر چیئر مین پی اے سی ناراض ہوگئے اور پی اے سی اجلاس کے دوران ڈی سی کو طلب کرلیا جہاں نورعالم اور ڈی سی میں تلخ کلامی ہوگئی۔

- Advertisement -

ڈی سی اسلام آباد پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچے تو نور عالم خان نے کہا کہ آپ کیسے یہاں آکر بیٹھے، کھڑے ہوجائیں، جس پر ڈی سی اسلام آباد کا نور عالم خان سے کہنا تھا کہ آپ پرسنل ہورہے ہیں، میں سب بیک گراؤنڈ بتاسکتا ہوں، مجھے بھی بولنے کا حق ہے، میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں تھا۔

چیئرمین نور عالم خان نے ڈی سی سے سوال کیا کہ افغان مہاجرین کے معاملے پر آپ نے کیا کیا؟، ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ غیر قانونی افغان مہاجرین ڈیڑھ مہینہ سے اسلام آباد میں بیٹھے ہیں، وہ یورپ جانا چاہتے ہیں، دفتر خارجہ اور وزارت انسانی حقوق معاملے کو دیکھ رہی ہے۔

اجلاس میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو او ایس ڈی بنانے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سی اسلام آباد کو پتہ ہی نہیں کہ ریڈ زون میں کون لوگ رہ رہے ہیں، توقیر شاہ صاحب کو لکھیں کہ ایسے لوگوں کو ڈپٹی کمشنر نہ لگایا جائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں