پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے نور عالم خان کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا، نور عالم نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے نمبر سے ان کے حلقے کے لوگوں کے کالیں کر کے ان کے خلاف نکلنے کے لیے اُکسایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی نور عالم خان نے ایک ٹوئٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ میرے حلقے کے لوگوں کو خیبر پختون خوا اسمبلی کے نمبر سے کالیں کی جا رہی ہیں، اور انھیں میرے خلاف احتجاج کا کہا جا رہا ہے۔
نور عالم خان نے اپنے ٹوئٹ میں کے پی اسمبلی کا نمبر بھی شیئر کر دیا ہے، انھوں نے حیرانی کے ساتھ اشارہ بھی کیا کہ فون کرنے والے وہ ہیں جو اپنے چھوٹے حلقوں میں بھی جیت نہیں پاتے۔
انھوں نے لکھا مجھے حیرانی ہے کہ جو لوگ اپنے دیہات کا الیکشن نہیں جیت سکتے وہ لوگوں کو میرے خلاف احتجاج کے لیے کالیں کر رہے ہیں، اُنھیں شرم آنی چاہیے۔
People of my constituency has been called from this number 0915270221 to protest against me this number belongs to provincial assembly of kpk I am amazed people who cannot win there own village are calling people to protest against me shame on them
— Noor Alam Khan (@NOORALAMKHAN) January 18, 2022
چند دن قبل نور عالم خان نے ایک ٹوئٹ میں مطالبہ کیا تھا کہ پارٹی کی سینئر قیادت اور کچھ مشیران کے نام ای سی ایل میں ڈالے جانے چاہیئں، انھوں نے کہا کہ ان کے نزدیک مہنگائی عوام کا بڑا مسئلہ ہے، جب تک یہ مسئلہ حل نہیں کیا جاتا، وہ اسی طرح آواز اٹھاتے رہیں گے۔
پی ٹی آئی قیادت کا نور عالم خان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ
ایم این اے اگرچہ کچھ عرصے سے آواز اٹھا رہے ہیں تاہم جب سے ان کے سخت ٹوئٹس سامنے آئے ہیں تو پی ٹی آئی قیادت نے بھی اس کا نوٹس لے لیا، اس سلسلے میں گزشتہ روز پی ٹی آئی خیبر پختون خوا کے صدر کے طور پر پرویز خٹک نے نور عالم کو شو کاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا، آج صدر پی ٹی آئی خیبر پختون خواہ پرویز خٹک نے انھیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے، اور ان سے 7 دن کے اندر اپنے بیانات کی وضاحت طلب کی گئی ہے۔