جمعرات, دسمبر 5, 2024
اشتہار

نورمقدم کے والد کا قاتل ظاہر جعفر کو سزائے موت دینے کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

گزشتہ سال  سفاکانہ قتل کی جانے والی نور مقدم کے والد شوکت علی مقدم  ہفتے کے روز عدالت میں پیش ہوئے اور بیان ریکارڈ کراتے ہوئے قاتل ظاہر جعفر کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا

مقدمے کے مدعی نے عدالت کو بتایا کہ میری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، میری بیٹی کا ناحق قتل کیا گیا۔

سماعت کے موقع پر ملزم ذاکر جعفر، مالی اور چوکیدار بھی پیش ہوئے تاہم مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو پیش نہیں کیا گیا۔

- Advertisement -

شوکت مقدم نے عدالت کو بیان ریکارڈ کراتے ہوئے مزید کہا کہ نور مقدم جہاں بھی جاتی تھی عموماْ مجھے بتاکر جاتی تھی، کبھی پہنچ کر بتادیا کرتی تھی کہ وہ کس جگہ موجود ہے تاہم اس بار اس نے مجھے نہیں بتایا تھا کہ وہ لاہور جارہی ہے۔

مقتولہ کے والد نے  مزید بتایا کہ بیٹی کو تلاش کرنے کے لیے اس کی سہیلیوں سے رابطہ کیا، ان کے گھر بھی گیا، ایف آئی آر میں اسکی سہیلیوں کے نام نہیں دیے، 20 جولائی کو نورمقدم کی کال آئی کہ وہ لاہور جارہی ہے جس کے بعد میں نے اسے دوبارہ تلاش نہیں کیا۔

شوکت مقدم نے عدالت کو بتایا کہ ایسا کوئی ثبوت نہیں جس سے معلوم ہو کہ جائے وقوع سے ملنے والا موبائل نور مقدم کا ہے، جعفر فیملی کو پہلے سے جانتا تھا لیکن دیگر ملزمان کو نہیں جانتا، جعفر فیملی کے علاوہ جیل میں کسی اور ملزم کی شناخت پریڈ نہیں کی گئی، سی سی ٹی وی ویڈیو دیکھ کر آٹھ اگست کو بنگلے کے مالی جان محمد کو نامزد کیا، میں نے بیان دیا کہ مالی نے گیٹ نہیں کھولا اور بند رکھا۔

ملزمان کے وکلا نے شوکت مقدم کے بیان پر جرح بھی کی۔

اس موقع پر عدالت میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے وکیل کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ وکیل کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

جج نے سوال کیا کہ وکیل ذوالقرنین سکندر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اب وہ کیسے عدالت آئیں گے؟ اس دوران اگر گواہ ہی بھاگ گیا تو کیا کریں گے؟

ملزم کے وکیل نے کہا کہ چھ، چھ فٹ کے فاصلے سے جرح ہوجائیگی۔

عدالت نے نور مقدم قتل کیس کی سماعت 17 جنوری تک ملتوی کردی، نور مقدم کے والد شوکت مقدم کے علاوہ تفتیشی افسر پر بھی آئندہ سماعت پر جرح ہوگی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں