کراچی (06 جون 2026): گزشتہ روز پریڈی پولیس کے ہاتھوں ایک مقابلے کے بعد ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی تھی، اب پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم نور ولی 90 لاکھ ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ کراچی کے علاقے صدر، ریگل چوک پر 14 فروری کو نوّے لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی تھی، واردات کے دوران 2 ملزمان نے سولر انورٹر ڈیلر کے رائیڈر سے کیش لوٹا، واردات کے بعد ملزم اسد اور بلال شینا کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق بلال عرف شینا سولر انورٹر ڈیلر کا 10 سال سے ملازم تھا، اس کو مالک کی جانب سے سال میں 3 بونس اور ریکوری میں شیئر بھی ملتا تھا، جب کہ مخبری کرنے والے بلال کو مالک نے موٹر سائیکل بھی دلائی تھی، ملزم نے دونوں ساتھیوں کو پیسوں سے متعلق خبر دی تھی۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ نور ولی، بلال اور اسد نے مل کر ڈکیتی کی منصوبہ بندی کی، بلال انورٹر ڈیلر کے گھر کھانا دینے گیا اور ساتھیوں کو خبر کر دی، اُس وقت دو ملازم بینک میں پیسے ڈپازٹ کروانے نکلے تو ان کو لوٹ لیا گیا۔
پولیس کے مطابق نور ولی کا تعلق کے پی کے کالا ڈھاکہ سے ہے، جب کہ پہلے سے گرفتار ملزمان بلال اور اسد کا تعلق بونیر سے ہے، گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر زمین میں دفن 45 لاکھ کیش برآمد کر لیا گیا ہے، اور ملزمان کی اطلاع پر ہی گروہ کا سرغنہ نور ولی گرفتار ہوا۔
پولیس حکام نے کہا ملزمان نے ڈکیتی پر کے پی کے پہنچ کر ٹک ٹاک بھی بنائی تھی، ٹک ٹاک ویڈیو میں اسد اور نور ولی کو دیکھا جا سکتا ہے، گرفتار زخمی ملزم سے چھپائے گئے دیگر پیسوں سے متعلق تفتیش جاری ہے۔



