پیانگ یانگ : شمالی کوریا نے ایک اور کروز میزائل کا تجربہ کرلیا، یہ ایک ہفتے کے دوران اس نوعیت کا دوسرا بڑا تجربہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے ملک کے جدید ترین ڈیسٹروئیر سے کروز میزائلوں کے تجربے کامشاہدہ کیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ‘کے سی این اے’ نے بتایا یہ ایک ہفتے کے دوران اس نوعیت کا دوسرا بڑا تجربہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ‘نمپو’ (Nampho) کے ساحل کے قریب نئے تباہ کن بحری جہاز ‘چوئی ہیون نمبر 51’ سے یکے بعد دیگرے چھ کروز میزائل داغے گئے۔
ان میزائلوں نے تقریباً 169 منٹ تک مقررہ راستوں پر پرواز کی اور جزیرے پر موجود اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
کم جونگ ان نے ایک نامعلوم مقام سے ویڈیو لنک اور ٹیلیفون کے ذریعے اس تجربے کی نگرانی کی اور قومی اسٹریٹجک ہتھیاروں کے مربوط کمانڈ سسٹم پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر کم جونگ ان کے ہمراہ ان کی نوجوان صاحبزادی (جوئے) بھی موجود تھیں، جنہیں ماہرین مستقبل کی ممکنہ سربراہ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
کم جونگ ان نے اعلان کیا کہ ملک کی جوہری قوت اب ایک منظم اور کثیر الجہتی آپریشنل مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
انہوں نے ہدایت جاری کی کہ زیرِ تعمیر 5 ہزار ٹن وزنی اور مستقبل کے 8 ہزار ٹن وزنی بحری جہازوں پر روایتی توپوں کے بجائے سپرسونک ہتھیاروں کے نظام نصب کیے جائیں تاکہ طویل فاصلے تک جوہری حملے کی صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جا سکے۔
یہ تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایران پر حالیہ حملوں کے بعد عالمی سطح پر جوہری صلاحیتوں پر بحث تیز ہو گئی ہے۔
شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے اپنی دفاعی اور جوہری صلاحیتوں کو مسلسل جدید بنا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


