شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام پر جنوبی کوریا کا بڑا انکشاف سامنے آگیا۔
جنوبی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے ہتھیار بنانے کیلئے یورینیم کا بڑا ذخیرہ جمع کر لیا ہے اور اس کے پاس 2ہزار کلو ہائی افزودہ یورینیم موجود ہے۔
جنوبی کوریا کے مطابق یورینیم کی خالصتاً 90 فیصد یا اس سے زائد مقدار شمالی کوریا کے پاس ہے اور وہ 4 یورینیم افزودہ کرنے والے پلانٹس چلا رہا ہے، یورینیم کی سینٹری فیوجز 4 مقامات پر مسلسل کام کر رہی ہیں۔
جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے خفیہ یورینیم پلانٹس بھی قائم کر رکھے ہیں اور شمالی کوریا کے پاس ایٹمی ہتھیار بنانے کیلئے مواد بڑی مقدار میں موجود ہے۔
اقوام متحدہ کی عالمی توانائی ایجنسی آئی اے ای آئی کا کہنا ہے کہ 2ہزار کلو یورینیم تقریباً 47 ایٹمی ہتھیار بنانے کےلیے کافی ہے۔
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کو تیز تر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ اُن کے ملک کو ایٹمی طاقت میں تیزی سے اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کو ’’جنگ بھڑکانے کے ارادے کا واضح اظہار‘‘ قرار دیا۔ جنوبی کوریا اور اس کا اتحادی امریکا رواں ہفتے مشترکہ فوجی مشقیں کر رہے ہیں، ان مشقوں میں شمالی کوریا کی جوہری دھمکیوں کے پیش نظر ایک بہتر دفاعی ردعمل کی مشقیں بھی شامل ہیں۔
اگرچہ سیئول اور واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ مشقیں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی ہیں، تاہم پیانگ یانگ باقاعدگی سے ایسی مشقوں پر تنقید کرتا رہا ہے اور انھیں حملے کی تیاری کی مشقیں قرار دیتا ہے، اور بعض اوقات اس کے جواب میں ہتھیاروں کے تجربات بھی کرتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


