شمالی وزیرستان(6 اکتوبر 2026): سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 خوارج کو ہلاک اور 2 کو زخمی کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران ‘فتنہ الخوارج’ کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ فورسز نے فتنہ الخوارج کی مشکوک نقل و حرکت پر مسلسل کڑی نگرانی رکھی ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے خلاف یہ فیصلہ کن اور موثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کا عزمِ استحکام وژن پوری قوت کے ساتھ جاری ہے، اور اس عزم کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
اس سے قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن کے دوران 3 خارجی دہشت گرد مارے گئے تھے، خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔


