تازہ ترین

شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکا، 3 جوان شہید، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں دیستی ساختہ بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں دیسی ساختہ بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں پیٹرولنگ ٹیم کے 3 جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں سپاہی ساجد، ریاست اور بابر شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں بھی شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر پاک فوج کے جوانوں پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے جوانوں پر سرحد پار سے فائرنگ، 6 جوان شہید

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فائرنگ پیٹرولنگ کرنے والے پاک فوج کے جوانوں پر کی گئی، شہدا میں حوالدار خالد، سپاہی نوید، سپاہی بچل، سپاہی علی رضا، سپاہی ایم بابر اور سپاہی احسن شامل تھے۔

اس سے قبل رواں برس یکم مئی کو شمالی وزیرستان میں سرحد پر باڑھ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر سرحد پار سے حملہ کیا گیا تھا، الوڑہ کے مقام پر 60 سے 70 دہشت گردوں نے افغانستان کی حدود سے حملہ کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گرد مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔ شہدا میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل تھے۔

Comments

- Advertisement -