راولپنڈی (7 جون 2026): شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز کی اہم کارروائی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 27 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
مسلح افواج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سکیورٹی فورسز کی خوارج کے متعدد ٹھکانوں پر انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں، شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: فتنہ الخوارج کے گرفتار دہشت گرد کے اعترافی بیان میں ہوشربا انکشافات
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد گزشتہ 72 گھنٹوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 27 خوارج کو ہلاک کیا گیا، مارے گئے ہندوستانی سپانسرڈ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج متعدد دہشتگرد سرگرمیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہلاک کیے گئے خوارج میں میں میران شاہ میں ممتاز شخصیت شہید ملک سیف اللہ داوڑ کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر بھی شامل تھے، علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔


