شمالی وزیرستان(21 مئی 2026): سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب سرغنہ عمر عرف جان میر عرف طور ثاقب کو اس کے 4 ساتھیوں سمیت جہنم واصل کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج سرغنہ عمر عرف جان میر کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر تھی۔ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر متعدد دہشت گردانہ حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خوارج نے اسپن وام میں بوبالی مسجد کے اطراف زیر زمین بنکرز بنا رکھے تھے اور بارودی سرنگوں کا جال بچھا رکھا تھا۔ تاہم، سیکیورٹی فورسز نے مربوط حکمت عملی کے تحت انتہائی مہارت سے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیرے میں لیا اور انہیں ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں سرغنہ کی ہلاکت فتنہ الخوارج کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہے، اور اس اہم کامیابی سے علاقے میں امن و امان بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں آپریشن عزم استحکام کے تحت فتنہ الخوارج اور فتنہ ہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں پوری قوت سے جاری ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


