راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 7 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاعات پر میر علی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں 6 خوارج ہلاک ہوگئے۔
اسپن وام میں کارروائی کے دوران ایک خارجی ہلاک ہوا، آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
یہ پڑھیں: ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 22 خوارج ہلاک
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پروفیشنل ازم پر فخر ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابیاں سمیٹیں، قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے 22 خوارج ہلاک ہوگئے تھے۔


