منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

شمالی وزیرستان کے متاثرہ تاجروں میں 50 کروڑ روپے کے چیک تقسیم

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کا کہنا ہے کہ قبائلی عوام کو کبھی بھی مایوس نہیں ہونے دیں گے، قبائلی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے شمالی وزیرستان کے متاثرہ تاجروں میں امدادی چیک تقسیم کیے۔ انہوں نے 25 تاجروں میں 50 کروڑ روپے کے چیک تقسیم کیے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے تاجروں کو سہولت دے رہے ہیں، قبائلی عوام کو کبھی بھی مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ قبائلی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ 10 دن میں قبائلی نمائندگان کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا، نقصانات کے ازالے کے لیے 7 ارب 76 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔ نقصانات کے ازالے کے لیے 2 ارب روپے پہلے سے جاری ہوچکے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میران شاہ بازار میں 5 ہزار 654 دکانوں کے لیے 1 ارب 69 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، 69 پٹرول پمپس کے نقصانات کے ازالے کے لیے 33 کروڑ روپے مختص ہیں۔ میر علی بازار کی 3 ہزار 307 دکانوں کے لیے 2 ارب 80 کروڑ مختص ہیں۔ 100 کنال پر ترقیاتی کاموں کے لیے 2 ارب 92 کروڑ روپے مختص ہیں۔

انہوں نے سانحہ اے پی ایس شہدا کے والدین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی شہادت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ قیام امن کے لیے معصوم بچوں کی قربانی سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ناقابل تلافی نقصان پر ان کے صبر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دنیا گواہ ہے دہشت گردی کے خلاف نونہالوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت آزمائش کی گھڑی میں والدین کے ساتھ ہے۔ ماضی میں بھی ان کی ہر طرح دلجوئی کی، آئندہ بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں