جمعرات, ستمبر 10, 2026
اشتہار

ناروے کے وزیر خارجہ کی دفتر خارجہ آمد ، اسحاق ڈار سے ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کی اسحاق ڈار سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ناروے کے وزیرِ خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، دفترِ خارجہ آمد پر نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ایک دہائی کے بعد ناروے کے کسی وزیرِ خارجہ کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

دونوں وزراء کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیرِ خارجہ کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ قریبی اور مضبوط تعلقات کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

ناروے کے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود ہے، جبکہ ناروے کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں کامیابی سے کاروبار کر رہی ہیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

ناروے کے وزیرِ خارجہ نے ایران، امریکہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا پاکستان نے خطے اور عالمی امن کے لیے احسن کردار ادا کیا، جس کی بدولت امن کی کاوشوں پر پاکستان کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ کشیدگی عالمی امن اور معیشت کے لیے انتہائی خطرناک ہے، اور مشکل وقت میں پاکستانی قیادت نے جراتمندانہ کردار ادا کیا۔

انہوں نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں