اسلام آباد : روٹی اور نان کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا، عدالت نے نان بائیوں کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں نانبائی ایسوسی ایشن نے روٹی اور نان کی قیمت مقرر کرنے کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کر دیا۔
کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی، جنہوں نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 30 ستمبر کو نانبائی ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کی ہدایت کی۔
عدالت نے مزید کہا کہ معاملے پر تمام فریقین کے تحفظات سنے جائیں اور یکم اکتوبر کو کیس دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
سماعت کے دوران نانبائی ایسوسی ایشن کے وکیل بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے مؤقف اختیار کیا کہ تباہ کن سیلاب کے بعد گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ نے زمینی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
وکیل نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے ایسوسی ایشن کے خدشات سننے سے بھی انکار کیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ فریقین کی بات سنے بغیر یکطرفہ فیصلے نہیں کیے جا سکتے، اس لیے ضلعی انتظامیہ نانبائیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے فی الحال اجتناب کرے۔
عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو نانبائیوں کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا۔


