کراچی: شہر قائد میں مارکیٹوں، ریسٹورنٹس اورشادی ہالز کے اوقاتِ کار سے متعلق نوٹیفکیشن جعلی نکلا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے سوشل میڈیا پر مارکیٹوں، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے اوقاتِ کار (ٹائمنگز) کے حوالے سے گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے جعلی قرار دے دیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کہا گیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کاروباری اوقات کے حوالے سے کوئی نیا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا خط من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔
ترجمان نے عوام اور تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی غیر مصدقہ اور افواہوں پر مبنی سوشل میڈیا اطلاعات پر بالکل یقین نہ کریں۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سرکاری نوٹیفکیشن صرف محکمہ داخلہ سندھ کے مجاز اور آفیشل ذرائع سے ہی جاری کیے جاتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کا جعلی نوٹیفکیشن بنا کر عوام میں سنسنی اور کنفیوژن پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


