ناٹنگھم: آسٹریلیا کے خلاف ناٹنگھم ٹیسٹ میں انگلینڈ آج اپنی پہلی نامکمل اننگز 274رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کرے گا۔
آسٹریلیا کے لئے ایشیز سیریز بچانا مشکل ہوگیا، ٹیسٹ کے پہلے روز براڈ نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کا جنازہ نکال دیا، آسٹریلیا کی پوری ٹیم صرف ساٹھ رنز پر ڈھیر ہوگئی، کئی دہائیوں بعد آسٹریلیا کی ٹیم اتنے کم اسکور پر آؤٹ ہوئی ہے، بیٹنگ میں انگلینڈ ہی چھایا رہا۔
میزبان ٹیم نے پہلے روز کے اختتام تک چار وکٹوں پر دو سو چوہتر رنز بنالئے، انگلینڈ دوسو چودہ رنز کی برتری کے ساتھ آج اننگز کا دوبارہ آغاز کرے گا۔
گزشتہ روز ایشیز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ چھاگئے، براڈ نے آٹھ وکٹیں لے کر آسٹریلوی ٹیم کو پہلی اننگز میں صرف ساٹھ رنز پر پویلین لوٹا دیا۔
ناٹنگھم ٹیسٹ میں پہلے دن کا میلہ اسٹورٹ براڈ نے لوٹ لیا، انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے آٹھ وکٹیں لیتے ہوئے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیئے، کینگروز کے قدم جمنے سے پہلے ہی اکھڑ گئے، راجرز، اسمتھ، مارش اور کلارک نے براڈ کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔
بیٹسمین جس تیزی سے آئے اس ہی رفتار سے پویلین واپس لوٹ گئے، براڈ کی ان اور آؤٹ سوئنگ نے کسی کو ٹکنے نہیں دیا، ابتدا سے آخر تک صرف بڑاد ہی چھائے رہے، براڈ نے کیرئیر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ میں تین سو وکٹیں مکمل کیں۔
آسٹریلوی ٹیم اٹھارہ اعشاریہ تین اوورز میں صرف ساٹھ رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جونسن تیرہ رنز بناکر نمایاں رہے، آسٹریلیا کے آٹھ بیٹسمین ڈبل فیگرز تک بھی نہ پہنچ سکے۔