صادق آباد: ایک کروڑ روپے ہیڈ منی والے حامل انتہائی مطلوب اور بدنام زمانہ ڈاکو احمد بکھرانی نے سرنڈر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن میں پولیس کو بڑی کامیابی ملی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپے انعام (ہیڈ منی) کے حامل انتہائی مطلوب اور بدنام زمانہ ڈاکو احمد بکھرانی نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے میڈیا کو آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث اب تک 24 خطرناک ڈاکو جن پر ہیڈ منی مقرر تھی، سرنڈر کر چکے ہیں۔
ڈی پی او نے آپریشن کے اب تک کے مجموعی اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس مقابلے میں اب تک 66 ڈاکو مارے جا چکے ہیں ، 101 ڈاکوؤں کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ کُل 320 ملزمان اب تک ہتھیار ڈال چکے ہیں۔
عرفان علی سموں نے واضح کیا کہ ہتھیار ڈالنے والے ملزمان کو کوئی رعایت نہیں ملے گی بلکہ وہ قانون کے مطابق اپنے تمام مقدمات کا سامنا کریں گے۔
نہوں نے مزید کہا کہ کچے کے علاقے سے جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور جب تک آخری ڈاکو گرفتار یا سرنڈر نہیں کر دیتا، پولیس پیچھے نہیں ہٹے گی۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اس مقصد کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


