صادق آباد: 25 لاکھ روپے سر کی قیمت والے بدنام زمانہ چھوٹو کوش گینگ نے سرنڈر کردیا، گینگ کے 21 کارندوں نے خود کو حوالے کیا۔
پنجاب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کچہ کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔
بدنام زمانہ چھوٹو کوش گینگ کے سرغنہ نے 21 خطرناک کارندوں سمیت پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
ڈی پی او صادق آباد عرفان علی سموں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چھوٹو کوش گینگ کے 21 خطرناک ڈاکوؤں نے مشترکہ کارروائی کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے، پنجاب حکومت نے گینگ کے سرغنہ چھوٹو کوش کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاستی رٹ قائم کرنےاورعوام کےتحفظ کیلئے پولیس اور سیکیورٹی ادارے پرعزم ہیں، سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا اور ان سے تفتیش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ کچے میں جاری آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا تاہم عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد کے پاس اب صرف دو ہی راستے ہیں؛ یا تو ہتھیار ڈال دیں یا پھر قانون کی گرفت کے لیے تیار رہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


