ہفتہ, مارچ 14, 2026
اشتہار

چمن : قیدیوں کو لے جانے والی پولیس وین پر حملہ، انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

چمن: قیدیوں کو لے جانے والی پولیس وین پر حملے کے نتیجے میں انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں ژڑہ بند کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے قیدیوں کو لے جانے والی پولیس وین پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں انتہائی مطلوب دہشت گرد فقیر شمکزئی ہلاک اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چمن نے بتایا پولیس ٹیم ہلاک دہشت گرد فقیر شمکزئی کو ضلع پشین سے چمن منتقل کر رہی تھی کہ راستے میں پہلے سے گھات لگائے مسلح افراد نے گاڑی کو نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے قریبی پہاڑوں پر پوزیشنیں سنبھال رکھی تھیں۔ انہوں نے وین پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے گاڑی کے ٹائر برسٹ ہو گئے اور گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔

فائرنگ کے تبادلے میں زیرِ حراست دہشت گرد فقیر شمکزئی ہلاک ہو گیا، جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق فقیر شمکزئی سنگین جرائم میں ملوث اور انتہائی مطلوب اشتہاری تھا، اس نے قلعہ عبداللہ میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر کے انسپکٹر سعد اللہ کو شہید کیا تھا۔

فقیر شمکزئی 2023 میں چمن سب جیل توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوا تھا اور قتل، اقدامِ قتل اور دہشت گردی کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس کے مطابق حملے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملے کا مقصد بظاہر ملزم کو چھڑانا یا اسے نشانہ بنانا ہو سکتا ہے، جس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں