برلن : ٹینس کےعالمی نمبر ایک سربیا کےنوواک جوکووچ اور سرینا ولیمز نے جرمنی میں ہونے والے اسپورٹس ایوارڈز کا میلہ لوٹ لیا۔
جرمنی کے شہر برلن میں کھیلوں کے ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب ہوئی۔ تقریب میں دنیا بھر سے کھیلوں سے تعلق رکھنے والے نامورکھلاڑیوں نے شرکت کی۔
پہلی بار جرمنی میں ہونے والے اسپورٹس ایوارڈز میں سال کے بہترین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ فٹبال، فارمولا ون ، موٹو جی پی سمیت تمام کھیلوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیائے ٹینس کے نمبر ون پلئیر سربیا کے نوواک جوکووچ نے مسلسل دوسرے سال بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا۔
ویمنز کا ٹائٹل امریکہ کی سرینا ولیمز کے نام رہا۔ سرینا ولیمز ایوارڈ لینے کے لئے موجود نہیں تھیں۔ فارمولا ون ورلڈ چیمپئن برطانیہ کے لوئس ہملٹن نے تین مرتبہ کے چیمپئن نکی لوڈا کو لائف ٹائم اچیومنٹ کا ایوارڈ پیش کیا۔ ٹیم آف دی ائیر کا ایوارڈ نیوزی لینڈ کی رگبی ٹیم کو دیا گیا۔