تہران: ایران پر اسرائیلی حملے میں ایک اور جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔
مہر نیوز ایجنسی کے مطابق جوہری سائنسدان ایثار طبا طبائی تہران پر اسرائیلی حملے میں اہلیہ سمیت شہید ہوئے جس سے اب تک صیہونی حملوں میں شہید ہونے والے جوہری سائنسدانوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔
اسرائیل نے اصفہان میں نیوکلیئر سائٹ اور قم میں اپارٹمنٹ پر حملے میں قدس فورس کے دو اہم کمانڈروں کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اصفہان کے ڈپٹی گورنر اکبر صالحی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا حملے کے بعد جوہری مواد کے اخراج کی اطلاع نہیں ملی۔
ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں
اسرائیلی ڈیفنس فورسز کا کہنا ہے قدس فورس کمانڈر سعید ایزدی کو قم کے اپارٹمنٹ جبکہ بہنام شہری یاری کو مغربی تہران میں کار پر حملے میں شہید کیا گیا۔ دونوں کمانڈرز مشرق وسطیٰ میں ایرانی پراکسیز کو اسلحہ کی فراہمی کے ذمے دار تھے۔
ایرانی وزیر صحت رضا ظفرغندی کا کہنا ہے اسرائیل اب تک تین اسپتالوں اورچھ ایمبولینسوں کو نشانہ بنا چکا ہے۔
محکمہ صحت کےدو ماہرین ایک گائنا کالوجسٹ اور ایک چائلڈ اسپیشلسٹ اپنے بچے سمیت شہید ہوئے۔ نو دن سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہیدوں کی تعداد چار سو تیئس ہوگئی ہے۔ ساڑھے تین ہزار افراد زخمی ہیں۔