جمعہ, مارچ 21, 2025
اشتہار

خاتون کو کرونا ویکسین لگانے والی فون پر مصروف نرس سے بڑی غلطی ہو گئی

اشتہار

حیرت انگیز

اتر پردیش: بھارت میں ایک نرس نے خاتون کو کرونا ویکسین لگاتے ہوئے سنگین غفلت کا مظاہرہ کیا، فون پر مصروف نرس نے ایک کی جگہ 2 ڈوز لگا دیں۔

تفصیلات کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع کانپور کے علاقے اکبرپور میں ایک پرائمری ہیلتھ سینٹر میں معاون نرسنگ مڈ وائف سے بڑی غلطی ہو گئی جب وہ ایک طرف فون پر بات کرنے میں مصروف تھی اور دوسری طرف ایک خاتون کو کرونا وائرس کی ویکسین لگا رہی تھی۔

خاتون کے ساتھ آئے ہوئے افراد کو جیسے ہی معلوم ہوا کہ کرونا کی 2 ڈوز لگا دی گئی ہیں تو انھوں نے طبی مرکز میں ہنگامہ مچا دیا، جس پر ضلعی مجسٹریٹ اور چیف میڈیکل آفیسر کو بھی اطلاع مل گئی۔

خاتون کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ کملیش کماری یکم اپریل کو مرہولی پی ایچ سی میں پہلی ویکسین ڈوز کے لیے گئیں لیکن نرس ارچنا نے انھیں 2 ڈوز لگا دیں۔

انھوں نے بتایا کہ جب نرس سے خاتون نے دو انجیکشنز کے بارے میں بات کرنی چاہی تو ارچنا نے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق انھیں ڈانٹ کر چپ کرا دیا، جب کہ نرس کو معافی مانگنی چاہیے تھی۔

اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ویکسین کے دو انجیکشنز لگنے کے باعث بازو پر تھوڑی سے سوجن ہو گئی ہے، تاہم کوئی خطرناک علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

ضلعی مجسٹریٹ جیتندر پرتاپ نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے اس غفلت کے مظاہرے پر سخت نوٹس لے لیا ہے، اور سی ایم او سے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ طلب کی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں