نیویارک : امریکا کے سب سے بڑے شہر نیویارک میں میئر کے امیدوار ظہران ممدانی کامیاب ہوگئے، ممدانی نیویارک کے پہلے مسلم اورجنوبی ایشیائی نژاد میئر بن گئے ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیویارک میئر الیکشن میں ڈیمو کریٹ مسلمان امیدوار ظہران ممدانی انتخابی سروے میں اب تک سب سے آگے تھے، ظہران ممدانی کا آزاد امیدوار اینڈریو کومو اورریپبلکن امیدوار کرٹس سلوا سے مقابلہ تھا۔
امریکی صدرٹرمپ نے ریپبلکن کرٹس سلوا کی بجائے اینڈریو کومو کی حمایت کا اعلان کیا تھا، امریکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹس نے ورجینیا میں تاریخی کامیابی حاصل کرلی ہے۔
ظہران ممدانی مسلم جنوبی ایشیائی نژاد ڈیمو کریٹ پارٹی میں نیاہ چہرہ ہیں ، یہ خود کو’’ ڈیموکریٹک سوشلسٹ‘‘ کہتے ہیں، ریاستی اسمبلی میں منتخب ہوئے۔
ظہران ممدانی کی عمر تقریباً 33 سال ہے، انہوں نے اپنی پارٹی کی پرائمری میں اینڈریو کومو کو ہرا کر نامزدگی حاصل کی تھی۔
ڈیموکریٹ امیدوار ابیگیل اسپینبرگر ورجینیا کی پہلی خاتون گورنر منتخب
دوسری جانب ورجینیا میں ڈیموکریٹس نے تاریخی کامیابی حاصل کرلی، ابیگیل اسپینبرگر ورجینیا کی پہلی خاتون گورنر منتخب قرار پائیں۔
امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹس نے ری پبلکنز سے گورنر کی نشست واپس لے لی، ڈیموکریٹ امیدوار ایبِیگیل اسپینبرگر نے ورجینیا کی گورنر شپ کا الیکشن جیت لیا ہے جس کے بعد وہ اس جنوبی امریکی ریاست کی تاریخ میں پہلی خاتون گورنر بن گئی ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسپینبرگر نے ریپبلکن لیفٹیننٹ گورنر ونسوم ارل سیئرز کو 45 کے مقابلے میں 55 فیصد ووٹوں سے واضح شکست دی۔
سابق سی آئی اے اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے میں بحیثیت افسر خدمات انجام دینے والی اسپینبرگر تین بار امریکی ایوانِ نمائندگان کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔
واضح رہے کہ ریاست میں اب تک 35 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوئی ہے، جب کہ اسپینبرگر کی برتری مستحکم ہے۔ وہ موجودہ ریپبلکن گورنر گلین یونکن کی جگہ منصب سنبھالیں گی، جو آئینی طور پر دوبارہ انتخاب لڑنے کے اہل نہیں تھے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ کامیابی ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے ایک بڑی سیاسی فتح قرار دی جا رہی ہے کیونکہ وہ ریاستی اسمبلی میں اپنی نشستوں میں اضافے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
اس کے علاوہ نیوجرسی میں گورنر کی نشست پرڈیموکریٹ امیدوار میکی شیریل نے واضح برتری حاصل کرلی۔
نیویارک سٹی میئر کا انتخاب : ممدانی نے ووٹ کاسٹ کرلیا، فاتح کون ہوگا؟ فیصلہ آج ہوگا
جہانزیب علی اے آر وائی نیوز امریکا میں بطور بیورو چیف فرائض انجام دے رہے ہیں



