ٹاؤنٹن: ورلڈکپ2019 کے 13ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کی ٹیم کو باآسانی شکست دے کر ایک اور فتح اپنے نام کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کے دسویں روز دوسرا یعنی تیرہواں میچ ٹاؤنٹن میں نیوزی لینڈ اور افغان ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، جس میں کیویز کے کپتان ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
افغانستان کی جانب سے حضرت اللہ زازئی اور نورعلی زردان نے اوپننگ کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز جوڑے، تاہم نیشام کی گیند پر حضرت اللہ 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
افغان ٹیم کا پہلا بلے باز آؤٹ ہونے کے بعد لائن لگ گئی اور دوسرے اوپنر زردان بھی 66 کے مجموعی جبکہ 31 کے انفرادی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، رحمت شاہ بھی بغیر کھاتہ کھولے پویلین روانہ ہوئے۔ یوں 66 کے مجموعی اسکور پر افغان ٹیم کے تین اہم کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
بعد ازاں 70 کے مجموعی اسکور پر کپتان گلبدین نبی بھی چار کے انفرادی اور 70 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، افغانستان کی پانچویں وکٹ 105، چھٹی 109، ساتویں 130، آٹھویں 131، نویں 147 اور دسویں وکٹ 172 پر گری۔ افغان ٹیم پہلے آؤٹ کے بعد سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور حشمت اللہ شاہدی سمیت چار ہی کھلاڑی ڈبل ہندسے میں داخل ہوئے۔ شاہدی 59 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ فریگوسن چار وکٹیں لے کر نمایاں گیند باز رہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 173 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ بغیر کسی رن پر گری، بعد ازاں 41 پر دوسری وکٹ گری۔ کپتان ولیمسن اور ٹیلر نے 89 رنز کی شرکات داری قائم کر کے ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔
کیویز کے کپتان ولیمسن نے 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور وہی نمایاں بلے باز بھی رہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ہدف 32.1 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔