اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے استعمال کے معاملے پر حکومت کی جانب سے باضابطہ بیان جاری ہو گیا، وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں نامکمل معلومات پر بحث کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے وزیرِ اعظم کے ہیلی کاپٹر کے استعمال اور خرچ کے سلسلے میں ملک بھر میں بحث جاری رہی، تاہم معاون خصوصی نعیم الحق نے اس بحث کو بے مقصد قرار دے دیا۔
نعیم الحق نے جاری کردہ اعلامیے میں کہا ’وزیرِ اعظم کے ہیلی کاپٹر کے بارے میں نامکمل معلومات پر بحث ہو رہی ہے۔‘
وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان بہ طور وزیرِ اعظم ہفتے میں دو بار ہیلی کاپٹر کا استعمال کرتے ہیں۔
نعیم الحق کے مطابق ہیلی کاپٹر کا پہلا استعمال جمعہ کی شام بنی گالہ جانے کے لیے کیا جاتا ہے، جب کہ ہیلی کاپٹر کا دوسرا استعمال پیر کو وزیرِ اعظم ہاؤس واپسی پر ہوتا ہے۔
آٹھ ناٹیکل مائیل ہیلی کاپٹر کے استعمال پر سو لیٹر فیول خرچ ہوتا ہے، ماہرین
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان پر اپوزیشن کی جانب سے اس حوالے سے تنقید ہو رہی ہے کہ وہ ایک طرف سادگی اور اخراجات کم کرنے کا درس دے رہے ہیں جب کہ دوسری طرف ہیلی کاپٹر میں سفر کرتے ہیں۔
جب ہیلی کاپٹر کے خرچے کا ذکر آیا تو وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے بیان دیا کہ اس کا خرچہ صرف 55 روپے ہے، اس بیان نے ہیلی کاپٹر کے معاملے کو مزید مہمیز دی اور اپوزیشن سمیت عوام میں بھی اس کا مذاق اڑایا گیا۔