اسلام آباد : آئندہ دو سال میں گیس کی طلب اور رسد کا فرق چار ارب کیوبک فٹ ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق اوگرا نے اسٹیٹ آف انڈسٹری پررپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق گیس کی قلت کا مجموعی حجم چار ارب کیوبک فٹ سے تجاوز کئے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، اضا فہ نئے کنیکشنز اور صنعتی ضروریات کے باعث متوقع ہے۔
اوگرا رپورٹ کے مطابق رہائشی صارفین کی جانب سے گیس کی طلب میں بے انتہا اضافہ ہورہا ہے، مالی سال 2020- 2019 کے اختتام تک گیس کی قلت چار ارب کیوبک فٹ ہوجائے گی جبکہ 2022 تک یہ قلت ساڑھے چھ ارب کیوبک فٹ ہوجانے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہر سال تین لاکھ صارفین کا اضافہ ہورہا ہے، گیس کے سب سے زیادہ کھپت 47 فیصد پنجاب اور سندھ میں 43 فیصد ہے۔
اوگرا رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں بھی 16 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے، اضافے کی وجہ گاڑیوں اور بائیکس میں اضافہ ہے۔